اسلام آباد(صباح نیوز)
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے سدباب کیلئے بنائی گئی ٹائیگرز فورس کو ملک گیر سطح پر آپریشنل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر عثمان ڈار نے وزیراعظم کو ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن اور ذمہ داریوں پر بریفنگ دی۔انہوں نے سیالکوٹ میں ٹائیگر فورس کے کامیاب ٹیسٹ رن اور آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے انھیں ہدایات جاری کیں کہ ٹائیگر فورس کو سوموار سے پورے ملک میں متحرک کر دیا جائے۔وزیراعظم نے معاونین خصوصی سے ملاقات میں رضا کار فورس سے خود خطاب کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رجسٹرڈ نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔وزیراعظم کی ہدایات کے بعد عثمان ڈار نے متحرک ہوتے ہوئے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ٹائیگر فورس بے روزگار مزدوروں کی نشاندہی بھی کرے گی۔احساس پروگرام کے ذریعے بے روزگار مزدوروں کی مالی مدد کی جائیگی۔ ٹائیگر فورس ریلیف سرگرمیوں کیساتھ ساتھ عوامی آگاہی کی ذمہ داریاں بھی انجام دے گی۔ ٹائیگرز فورس سے مساجد، یوٹیلیٹی سٹورز اور قرنطینہ سینٹر سمیت اہم مقامات پر خدمات لی جائیں گی۔