اسلام آباد(صباح نیوز)
واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)کے چیئرمین مزمل حسین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں 30فیصد رقم حکومت دے گی اور یہ منصوبہ 2028تک مکمل ہوجائے گا۔اپنے ایک بیان میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ پانی کیساتھ پاکستان کی توانائی اور فوڈ سیکیورٹی جڑی ہوئی ہے، بھارت پاکستان میں پانی کی صورتحال گھمبیر بنا رہا ہے۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ اس وقت پاکستان اپنی ضرورت کا صرف 10فیصد پانی ذخیرہ کر پاتا ہے لہذا دیامر بھاشا اور دیگرمنصوبوں کی مدد سے پانی ذخیرہ کی سہولت دگنا کریں گے۔چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ واپڈا 9ہزار 400 میگاواٹ پن بجلی پیدا کر رہا ہے اور اسے 14ہزار میگاواٹ تک بڑھائیں گے۔انھوں نے بتایا کہ دیامر بھاشاپن بجلی کے لیے مجموعی طو ر پر 1400ارب روپے خرچ ہوں گے جس میں سے 30فیصد فنڈنگ حکومت کرے گی جب کہ باقی رقم بانڈز سمیت دیگر ذرائع سے حاصل کی جائے گی۔