اسلام آباد(صباح نیوز)
ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے پر کئی مارکیٹیں سیل کرکے متعدد دکانداروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاون پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا آغاز کردیا گیا ہے، ایس او پی کی خلاف ورزی پر کئی مارکیٹیں سیل کرکے متعدد دکانداروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں صادق آباد، راجہ بازار، کمرشل مارکیٹ میں انتظامیہ نے کارروائی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر درجنوں دکانداروں کو حراست میں لے لیا جب کہ سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر 3 مارکیٹیں بھی سیل کردی گئیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے دوران ایس او پی فالو نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں آج بند کردی جائیں گی، پنجاب اور کے پی کے میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم سب کو ہر صورت ایس او پیز فالو کرنے ہوں گے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے عوام کی جانب سے لاک ڈاون کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت پنجاب کے ایکشن سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت بڑے شہروں کے بڑے بازار آج سے بند کرائے جارہے ہیں۔راولپنڈی میں دکانیں سیل کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر اور کینٹ میں یہ ٹیمیں پونے7 بجے آپریشن کے لئے نکلیں گی، شام 7 بجے کے بعد کھولی گئی دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی جائیں گی۔دوسری جانب تاجروں نے مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا ہے، تاجر رہنما نعیم میر نے کہا کہ ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کا فیصلہ عقل، دلیل اور منطق کے برعکس ہوگا، مالی طور پر کمزور ریاست، تاجروں کی کفالت کرنے کی طاقت نہیں رکھتی، آج مارکیٹں بند ہونگیں تو کیا کل ٹرانسپورٹ اور پھر سارا ملک بند کر دیا جائے گا۔