سی سی پی کا بِڈ ریِگنگ میں ملوث لائن ہارڈو یئر سپلائرز ایسوسی ایشن اور دیگر 46 کمپنیوں کوشو کاز نوٹس جاری،
بِڈریِگنگ ڈسکوز کے 5 ارب مالیت کے ٹینڈروں میں کی گئی
اسلام آباد
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے الیکٹرک پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو لائن ہارڈ ویئر میٹریل فراہم کرنے والی 46 کمپنیوں اور لائن ہارڈ ویئر سپلائرز ایسوسی ایشن کو بادی النظر بِڈریِگنگ میں ملوث ہونے پر شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔ شو کاز نوٹس کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی کے زمرے میں جاری کیا گیا۔
سی سی پی نے کمیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 37 (2) کے تحت ایک انفارمنٹ کی اطلاع پر لائن ہارڈ ویئر سپلائرز کی بادی النظر ڈسکوز کے پروکیورمینٹ ٹینڈرز میں غیر مسابقتی سرگرمیوں کے حوالے سے باضابطہ انکوائری شروع کر دی ہے۔ لائن ہارڈ ویئرمیٹریل بجلی کی تقسیم کے لئے ٹرانسمیشن لائنوں میں استعمال ہو تے ہیں۔
تحقیقات کے عمل کے دوران ڈسکوز سے خریداری کا ڈیٹا طلب کیا گیا اور اس کے علاوہ لائن ہارڈ ویئر میٹریل کی فراہمی میں شامل دو کمپنیوں کے دفاتر کا معائنہ بھی کیا گیا تاکہ غیر مسابقتی سرگرمیوں میں ملوث سپلائرز کے خلاف ثبوت اکٹھے کیے جاسکیں۔
ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد کمیشن کی انکوائری سے یہ پتا چلا ہے کہ لائن ہارڈویئر سپلائرز کمپنیاں غیر مسابقتی سرگرمیوں میں بادی النظر ملوث ر ہی ہیں جیسا کہ مختلف ٹینڈرز مختلف کمپنیوں کے لیے مختص کرنا، ٹینڈر میں ہیرا پھیری کرنا، اور طہ شدہ زیادہ یا کم بولی لگانا وغیرہ شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں دراصل ایک مینوفیکچررز اور کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا حصہ ہیں۔ اس ایسوسی ایشن کا پلیٹ فارم بادی النظر میں ڈسکوز کی جانب سے لائن ہارڈ ویئر میٹریل کی خریداری کے لئے طلب کردہ ٹینڈروں کے بارے میں حکمت عملی بنانے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ایک تحقیق سے ایک ٹینڈر میں دھاندلی کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے جو مختلف انفراسٹرکچر کے پروجیکٹ میں معیار بمقابلہ لاگت کے توازن کے لحاظ سے 30 فیصد کارکردگی کے فرق کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس طرح کے پروکیورمینٹ کے ٹینڈرز کی قیمت میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ اوسطا ً معیار میں بھی 30 فیصد کمی آتی ہے۔
انکوائری رپورٹ میں یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ لائن ہارڈ ویئر کی مصنوعات کی پبلک پروکیورمینٹ انکوائری کی مدت (2018-2015) میں 5 ارب روپے سے زیادہ ہے۔
انکوائری کے نتائج کے مطابق، لائن ہارڈ ویئر سپلائرز اور ایسوسی ایشن کی طرف سے واضح طور پر ٹینڈر ز کی بولی میں دھاندلی کی گئی جس سے متعلقہ مارکیٹ میں مقابلہ کی فضا کو نقصان پہنچا۔ چنانچہ کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 (1) اور سیکشن 4 (2) (ای) کی بادی النظر میں خلاف ورزی ہوئی۔ مارکیٹ میں ایسے رویوں کا مقصدٹینڈرز کے نتائج پر قابو پانا ہوتا ہے۔ انکوائری رپورٹ کی سفارشات کے پیشِ نظر، مینوفیکچررز اینڈ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اور لائن ہارڈ ویئر میٹریل کی فراہمی میں شامل 46 کمپنیوں کو شو کاز نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔
سرکاری تخمینے کے مطابق، پاکستان اپنے جی ڈی پی کا تقریبا 20 فیصد پبلک پروکیورمینٹ پر خرچ کرتا ہے۔ لہذا، سی سی پی کی اولین ترجیح یہ ہے کہ بولی میں دھاندلی جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے مسابقتی قانون کی دفعات کو نافذ کیا جائے۔ بولی میں دھاندلی کا کھوج لگانے اور اس کی چھان بین میں بہتری لانے کے لئے، سی سی پی نے ایک بِڈ ریِگنگ انیلیسز اینڈ ڈیٹیکشن (بی آر اے ڈی) سسٹم بنایا ہے، جسے جلد متعارف کرایا جائے گا۔
———————