کورونا بے قابو ،اسلام آباد کے مزید علاقے ہاٹ سپاٹ قرار
سیکٹرز آئی ایٹ اور آئی ٹین کو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا
دونوں علاقوں کو سیل کرنے کیلئے مقامی انتظا میہ نے انتظامات مکمل کر لئے
ضروری اشیا کی خریداری کیلئے آئی ایٹ میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے اعلانات
اسلام آباد (صباح نیوز)
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں کوروناوائرس بے قابو ہوتا جارہا ہے اور اسلام آباد کے مزید علاقے کوروناوائرس کے پھیلائو کے حوالہ سے ہاٹ سپاٹ قراردیئے گئے۔ اسلام آباد کے سیکٹرز آئی ایٹ اور آئی ٹین کو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی ذ رائع کے مطابق ان علاقوں کو سیل کرنے کے حوالہ سے نوٹیفکیشن آئندہ24گھنٹوں میں جاری کیئے جانے کا امکان ہے۔آئی ایٹ سیکٹر میں ایک دن میں200کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ ان دونوں علاقوں میں کل 600کے قریب کوروناوائرس کے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ دونوں علاقوں کو مکمل طور پر سیل کرنے کے حوالہ سے اسلام آباد کی مقامی انتظا میہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے بھی ان دونوں علاقوں سیل کرنے کی سفارش کی گئی ۔ آئی ایٹ کے علاقہ میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے اعلانات بھی کئے گئے ہیں کہ لوگ ضروری اشیاء کی خریداری کر لیں ،کوروناوائرس کے بہت زیادہ کیسز کی وجہ سے علاقہ کو سیل کیا جارہا ہے۔