اسلام آباد
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وزارت صنعت وپیداوار کو ایک اور خط لکھا دیا۔ حکومت کی جانب سے چینی کی عدم خریداری پر عوام ابھی تک ریلیف سے محروم ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں شوگر ملز ایسوسی ایشن نے 12 جون کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن کوخط لکھا اور 60 ہزار ٹن چینی 70 روپے کلو کے حساب سے فراہمی کی پیشکش کی۔
خط میں کہا گیا کہ حکومت چینی عوام تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن سستی چینی عدالتی احکامات اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر فراہم کر رہی ہے۔
حکومتی خاموشی کے باعث شوگر ملز ایسوسی ایشن نے خود ہی ملک بھر میں چینی کی فراہمی کے لیے سیلز پوائنٹس قائم کیے جہاں پر عوام کو 70 روپے کلو چینی فراہم کی جارہی ہے۔
حکومتی رویے کو دیکھتے ہوئے شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وزارت کو اب ایک اور خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے تحت حکومت چینی خریداری کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے آؤٹ لیٹس کے ذریعے عوام کو سستی چینی فراہم کرکے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کر دیا ہے۔