سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے سے انکار کردیا
سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو ودہولڈنگ ٹیکس وصولی کی مد میں سالانہ دو سے ڈھائی ارب روپے دیئے جاتے ہیں۔ صوبائی حکومت
کراچی(صباح نیوز) سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے سے انکار کردیا ہے۔اس حوالے سے صوبائی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے کہا ہے کہ یکم جولائی سے وفاقی حکومت اس ٹیکس کی وصولی خود کرے۔سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو ودہولڈنگ ٹیکس وصولی کی مد میں سالانہ دو سے ڈھائی ارب روپے دیئے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت کے بعد سندھ کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو خط لکھ دیا ہے۔خط میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت اب یکم جولائی سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وفاقی حکومت کے لئے ودہولڈنگ ٹیکس وصول نہیں کرے گا۔حکام کے مطابق محکمہ ایکسائز کے موٹر رجسٹریشن ونگ میں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے موقع پر اِنکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 231 بی کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔پانچ سال تک گاڑی کی ملکیت کی تبدیلی پر بھی اسی شرح سے ودہولڈنگ ٹیکس لیا جاتا ہے۔اِنکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 234 کے تحت نئی گاڑیوں پر10سال تک موٹر وہیکل ٹیکس کے ساتھ سالانہ بنیادوں پر بھی ود ہولڈنگ ٹیکس وفاق کیلئے سندھ کا محکمہ ایکسائز جمع کرتا ہے لیکن 2012 سے پیدا تنازع کی وجہ سے سندھ حکومت کا دعویٰ ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے8 ارب روپے بلااجازت کاٹ لئے ہیں۔چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ دو اجلاسوں اور مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھائے جانے کے باوجود معاملہ حل نہیں ہو سکا۔ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں سالانہ دو سے ڈھائی ارب روپے وفاقی حکومت کے لئے جمع کئے جاتے ہیں تاہم اب ایف بی آر کو واضح کیا گیا ہے کہ وہ ودہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کا کام خود سے کرے، یکم جولائی سے سندھ حکومت یہ ٹیکس وصول نہیں کرے گی۔
#/S