اسلام آباد: پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو دوسری کونسلر رسائی دینے کا اعلان کر دیا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر والد کو ملاقات کی پیشکش کر دی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا پاکستانی قانون فیصلے کا از سر نو جائزہ لینے کی اجازت دیتا ہے، لیکن کلبھوشن نے نظرثانی کی اپیل دائر کرنے سے انکار کیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اور ڈی جی جنوبی ایشیا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کلبھوشن پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث رہا، پاکستان نے عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد اقدامات اٹھائے، پاکستان کا قانون فیصلے کا ازسر نو جائزہ لینے کی اجازت دیتا ہے، مگر بھارتی جاسوس کلبھوشن یا دیو نے اپنے ازسرنو فیصلے کے جائزہ لینے کے حق کو رد کیا، پاکستان اپنی عالمی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ اور پاکستان آئی سی جے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے۔
احمد عرفان کا کہنا تھا بھارت معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرے، انسانی حقوق کی بنیاد پر کلبھوشن کی اہلیہ سے ملاقات کا انتظام کیا گیا، بھارت کو دوسری قونصلر رسائی کی پیشکش کی ہے۔