• خدیجہ شاہ کے کیس کو فالو کر رہے ہیں،جب کوئی امریکی شہری گرفتار ہوتا ہے تو ہم ان کی ممکنہ مدد کے لیے تیار رہتے ہیں
  • پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ ان زیرحراست لوگوں کا منصفانہ ٹرائل یقینی بنایا جائے گا،نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ

واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکا نے ایک بار پھر پاکستان میں رجیم چینج کے بیانیے کو مسترد کر دیااورکہا امریکی سازش سے متعلق الزامات صریحاً جھوٹے ہیں ، ہمیشہ خوشحال اورجمہوری پاکستان کوامریکی مفادات کیلئے اہم سمجھا ہے، علاقائی اور سیکیورٹی امور پر پاکستانی حکام سے براہ راست رابطے میں رہتے ہیں، خدیجہ شاہ کے کیس کو فالو کر رہے ہیں، پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے۔امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش سے متعلق الزامات صریحاً جھوٹے ہیں ،پاکستانی سیاست سے متعلق فیصلے وہاں کے عوام نے اپنے آئین کے مطابق کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی حکام کے ساتھ ان مسائل پر براہ راست تبادلہ خیال کرتے ہیں جو امریکا اور علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔ ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات دیرینہ تعاون پر مبنی ہیں، امریکا نے ہمیشہ خوشحال اورجمہوری پاکستان کوامریکی مفادات کیلئے اہم سمجھا ہے۔ویدانت پٹیل نے کہا کہ خدیجہ شاہ کے کیس کو فالو کر رہے ہیں، پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے، نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے اشارہ دیا کہ مزید امریکی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے اورکہا کہ جب کوئی امریکی شہری گرفتار ہوتا ہے تو ہم ان کی ممکنہ مدد کے لیے تیار رہتے ہیں اور ہم پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ ان زیرحراست لوگوں کا منصفانہ ٹرائل یقینی بنایا جائے گا۔دوسرے ممالک سے کہا ہے گرفتارامریکیوں کیلئے طریقہ کار کو سامنے رکھیں۔