APP06-140623 ISLAMABAD: June 14 - Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif being briefed about the newly inaugurated 7th Avenue Interchange on Srinagar Highway. APP/MAF/ZID

  •  9 مہینے قوم کا وقت برباد کیا گیا، قوم کے اندر زہر گھولا گیا، گزشتہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا
  • جھوٹے خط لہرانے اور منتخب حکومت کو امپورٹڈ کہنے سے کچھ نہیں ہوتا،9مئی کے واقعہ نے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا
  • وزیراعظم کی سیونتھ ایونیو اوورہیڈ برج منصوبے اور کیپٹن کرنل  شیر خان شہید (سابق آئی جے پی روڈ)کی ازسر نو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

  اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روسی تیل کی آمد سے رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا، 9 مہینے قوم کا وقت برباد کیا گیا، قوم کے اندر زہر گھولا گیا۔اسلام آباد میں سیونتھ ایونیو اوورہیڈ برج منصوبے اور کیپٹن کرنل  شیر خان شہید (سابق آئی جے پی روڈ)کی ازسر نو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا موقع ہے کہ ایک ایسا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا جو گزشتہ حکومت کے دور میں سست روی کا شکار رہا،اس منصوبے کو آئی جی پی روڈ کہا جاتا تھا، آج اس کا نام کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے نام پر رکھ دیا گیا ، وہی قومیں سر فخر سے بلند کرکے چلتی ہیں جو اپنے اسلاف، اپنے شہدا کو یاد رکھیں اور غازیوں کا احترام کریں۔انہوںنے کہا کہ شہدا ء اور غازیوں کو بھول جانے والی قومیں اپنا نام زندہ نہیں رکھ سکتیں، 9 مئی کے واقعہ نے 22 کروڑ عوام کو شرمندہ کیا اور پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا، یہ کام صرف ملک دشمنوں کا ہوسکتا ہے، آج یہ منصوبہ کرنل شیر خان شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے کیونکہ پوری قوم کو یہ بتانا مقصود ہے کہ ہم نے اپنے شہدا ء کو یاد رکھا ہے اور قیامت تک کوئی 9 مئی جیسا واقعہ دہرانے کی سوچ نہیں سکے گا۔انہوں نے کہا کہ دیگر تاخیر کا شکار منصوبوں کو بھی جولائی تک مکمل کرلیا جائیگا، بجلی سے چلنے والی بسیں 15 جولائی کو پہنچ جائیں گی، 3 روٹس پر اس وقت بسیں چل رہی ہیں، یہ سارے کام تب ہی ہوتے ہیں جب ملک کی خدمت کی تڑپ ہو، جھوٹے خط لہرانے اور منتخب حکومت کو امپورٹڈ کہنے سے کچھ نہیں ہوتا۔شہباز شریف نے کہا کہ رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا پروپیگنڈہ آج بے نقاب ہو گیا، سازشی شخص چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ ہم وہ روس کے ساتھ تجارت کررہے تھے لیکن امریکا نے سازش کرکے یہ حکومت بنوادی، یہ محض جھوٹا پروپیگنڈا تھا، آج روس سے خام تیل کا 45 ہزار ٹن کا جہاز کراچی پہنچ چکا ہے اور آف لوڈ کیا جارہا ہے، اس کے بعد کسی کو کچھ کہنے کی ضرورت ہے؟۔انہوں نے کہا کہ 8، 9 مہینے قوم کا وقت برباد کیا گیا، قوم کے اندر زہر گھولا گیا حالانکہ انہوں نے تو روس سے ایک دھیلے کی چیز بھی نہیں منگوائی تھی، ہم نے روس کے ساتھ جنوری میں ہی یہ معاہدہ کرلیا تھا، اس کی خصوصیت یہ ہے کہ روسی تیل کی قیمت عالمی سطح پر تیل کی قیمت سے کم ہے، یورپی یونین نے کہا تھا کہ اگر روس 60 ڈالر یا اس سے کم پر تیل بیچے گا تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، ہم نے اسی قیمت پر روس سے تیل منگوایا ہے، یہ عالمی منڈیوں سے 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کسی ملک میں سیاسی استحکام آنے تک معاشی استحکام نہیں آسکتا، معاشی استحکام نہیں ہوگا تو سیاسی استحکام نہیں ہوگا، ان دونوں چیزوں کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، گزشتہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا اور آئی ایم ایف کے سامنے ہماری قدر میں کمی کردی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ خود معاہدہ کرکے توڑا اس کا ہمیں بے پناہ نقصان پہنچا، ہم دن رات کوشش کررہے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوجائے، ان کی تمام شرائط من و عن منظور کرلی ہیں، دعا ہے یہ مرحلہ عبور کرنے میں ہم کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو میرے سمیت کسی سرکاری عہدیدار یا سرکاری محکمے میں کرپشن کی شکایت ہے تو وہ ثبوت لے کر آجائے، اس کی تحقیق کرانا میری ذمہ داری ہے، اگر ثبوت نہیں ہیں تو جھوٹ سے پرہیز کیا جائے اور منہ بند رکھا جائے۔