لاہور: علامہ اقبال ایکسپریس آتشزدگی واقعہ، فرانزک رپورٹ منظر عام پر آگئی

ٹرین میں آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں

جائے وقوعہ سے لیے گئے شواہد میں آتشگیر مواد نہیں ملا، حادثے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی،رپورٹ میں انکشاف

لاہور(صباح نیوز)پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے علامہ اقبال ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں جمع کر ا دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس میں آگ لگنے سے متعلق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر کو جمع کرا دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک ایجنسی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ کے باعث3 بوگیاں متاثر ہوئیں،2 مکمل خاکستر ہوئیں،بوگیوں کی سیٹیں،پنکھے،لائٹس،الماریاں مکمل طور پر جل گئیں۔پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کرائم سین یونٹ گوجرانوالہ کی جانب سے ٹرین سے شواہد جمع کیے گئے،تینوں بوگیوں سے راکھ،جلا ہوا مٹیریل اور دیگر باقیات کو بطور ٹیسٹنگ لیاگیا، تینوں بوگیوں کے مختلف حصوں سے 249 تصاویر کو بطور شواہد لیاگیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں،جائے وقوعہ سے لیے گئے شواہد میں آتشگیر مواد نہیں ملا، حادثے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹرین کی پاور آن ہونے سے شارٹ سرکٹ آگ کا باعث ہوسکتی ہے

#/S