برہان وانی ، کرنل شیر خان اور لالک جان جیسے ہیروز کے یادگاری ٹکٹس جاری کرنے پر صدر آزاد کشمیر کی محکمہ ڈاک کو شاباش
اُمید ہے کہ پاکستان کا محکمہ ڈاک مستقبل میں بھی کشمیر کے اہم تاریخی ایام کے موقع پر ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا،سردار مسعود خان
محکمہ ڈاک آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں اپنا نیٹ ورک بہتر بنا کر عوام کو مذید سہولتیں مہیا کرے
مظفرآباد (صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے پاکستان کے محکمہ ڈاک کی طرف سے مختلف مواقع پر تحریک آزادی کشمیر اور کشمیر کی دھرتی کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں اور افسروں کی خدمات کے اعتراف میں ڈاک ٹکٹس جاری کرنے پر محکمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔ یہ بات اُنہوں نے پاکستان پوسٹ کے ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل رشید اللہ کنڈی کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک نے کشمیریوں نوجوانوں کے ہیرو برہان مظفر وانی ، مقبوضہ کشمیر کی نیم بیوگان ، گارگل میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اور پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز پانے والے کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا خاص طور پر ذکر کیا اور تجویز کیا کہ محکمہ ڈاک آئندہ بھی کشمیر کے حوالے سے اہم تاریخی مواقع پر ایسے ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ۔صدر سردر مسعود خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں کے عوام کو بہترین سروسز مہیا کرنے کے لیے اپنے نظام میں بہتری لائیں تاکہ عوام کو مذید ریلیف مہیا کیا جا سکے ۔ محکمہ ڈاک نے حالیہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران 80 ہزار سابق فوجیوں کو اُن کے گھروں کی دیلیز پر پنشن پہنچانے کا جو قدم اُٹھایا ہے وہ نہایت قابل تحسین ہے جس پر محکمہ ڈاک مبارکباد کا مستحق ہے ۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ محکمہ ڈاک سابق فوجیوں کی طرح سول ریٹائرڈ ملازمین ، اُن کے بچوں اور بیوگان کو سہولت دینے کے لیے بھی ایسے ہی اقدامات کرے ۔ قبل ازیں ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل آزاد کشمیر نے صدر آزاد کشمیر کو محکمہ ڈاک کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 80 ہزار ریٹائرڈ فوجی ملازمین کو پنشن اُن کے گھروں کی دیلیز پر پہنچانے کا کام ایک چیلنج سے کم نہیں تھا لیکن اللہ کے فضل کرم سے محکمہ ڈاک نے نہایت کامیابی سے اس کو پایا تکمیل تک پہنچایا ۔ اُنہوںنے بتایا کہ پاکستان پوسٹ آفس نے حبیب بینک لمیٹڈ کے تعاون سے اپنی فنانشل سروسز کو ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کرنے کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا ہے ۔ اُنہوںنے مذید بتایا کہ محکمہ ڈاک ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفسزقائم کرنے کے ایک منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے جس کے تحت موجودہ برانچوں کو ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفسز میں تبدیل کر دیا جائے گا ۔
#/S