واشنگٹن (ویب ڈیسک) ہیکر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بل گیٹس، اوباما، جو بائڈن اور ایلن مسک سمیت ایپل کمپنی کے اکاؤنٹ کو ہیک کرکے عوام کے لاکھوں ڈالرز لوٹ لیے۔
ٹوئٹر پر اس وقت افراتفری پھیل گئی جب امریکا کے نامور سیاست دانوں، ارب پتی اداکاروں اور ٹیکنالوجی کے بڑے ناموں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیے گئے، ہیکر نے بل گیٹس، ایلن مسک، جیف بیزوز، حو بائیڈن، کانیے ویسٹ اور سابق امریکی صدر باراک اوباما سمیت ایپل کے اکاؤنٹس کو ہیک کیا اور بٹ کوائن کے ذریعے رقم کمائی۔ ہیکر نے ان تمام لوگوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یہ پیغام دیا کہ جو مجھے بٹ کوائن اڈریس پر رقم بھیجے گا، میں اس کو دگنا کرکے واپس دوں گا۔
ہیکر نے بٹ کوائن ایڈرس کریپٹو فار لائف نامی اکاؤنٹ کے ذریعے رقم کی ڈیمانڈ کی تھی اور جتنی دیر یہ اکاؤنٹ آن لائن رہا، اس پر ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم منتقل کر دی گئی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اکاؤنٹ ٹوئٹر پر رجسٹرڈ تھا اور اس کے کروڑوں فالوورز تھے۔
ٹوئٹر پر ہیکر کے اس حملے کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ حرکت میں آگئی اور ہیکر کی ٹوئٹس کو ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا، ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حملہ کسی ایک شخص کی طرف سے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ موجودہ واقعہ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس میں بڑی تعداد میں معروف افراد اور کمپنیوں کے اکاؤنٹس کو ایک ساتھ اور بڑے پیمانے پر ہیک کیا گیا ہے۔