ریاض ،دبئی (صباح نیوز)

سعودی عرب کے ماہرین فلکیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ خلیجی ممالک میں عید الاضحی 31 جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے  کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ماہرین فلکیات کی جانب سے کی جانے والی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ عید قرباں بروز جمعہ 31 جولائی کو  ہوسکتی ہے۔فلکیات کے ماہرین  کے مطابق ذی الحج کے چاند کی پیدائش پیر کے روز ہوگی اور منگل کو غروب آفتاب کے بعد چاند آسمان پر نمودار ہوگا۔ماہرین کی پیش گوئی کے حساب سے یکم ذ ی الحج22 جولائی بروز بدھ ہوگی۔ اس حساب سے چاند کی دس تاریخ اکتیس جولائی جبکہ عرفات کا دن 30 جولائی کو ہوگا۔سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اسلامی سال کے آخری مہینے کا چاند دیکھنے کے لیے پیر کے روز اجلاس طلب کیا اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کا اہتمام کریں۔سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ چاند دیکھنے کے بعد رابطہ کر کے اس کی شہادت دیں۔یاد رہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے سعودی حکومت نے رواں سال حج کو مختصر کیا ہے، امسال صرف دس ہزار عازمین فریضہ مقدسہ ادا کریں گے۔