پہلے مرحلے میں 7 فروری کو لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن جبکہ دوسرے مرحلے میں 14 فروری کو ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے
راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے علاوہ سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں بلدیاتی انتخابات 21 فروری 2027ء کو ہوں گے
سرگودھا( مانیٹرنگ ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار منعقد کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں بلدیاتی انتخابات 21 فروری 2027ء کو تیسرے مرحلے میں کرانے کا شیڈول مرتب کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق بھی اسی روز انتخابات ہوں گے، جبکہ پنجاب کے دیگر ڈویژنوں میں بلدیاتی انتخابات پہلے اور دوسرے مرحلے میں منعقد کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے 5 نومبر 2026ء کے حکم نامے کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی انتظامات مکمل ہونے اور پولنگ کے لیے سازگار موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات جنوری 2027ء کے بعد کرانے کی درخواست کی گئی تھی، جسے کمیشن نے قبول کرتے ہوئے مرحلہ وار انتخابی انعقاد کا فیصلہ کیا۔ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں 7 فروری 2027ء کو لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں جبکہ دوسرے مرحلے میں 14 فروری 2027ء کو ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ تیسرے مرحلے میں 21 فروری 2027ء کو راولپنڈی، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پولنگ ہوگی،انتخابی شیڈول کے مطابق 30 نومبر 2026ء تک حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے گی، جبکہ دسمبر 2026ء کے دوسرے ہفتے میں کاغذات نامزدگی، جانچ پڑتال اور انتخابی عمل کے دیگر مراحل پر مشتمل تفصیلی انتخابی پروگرام جاری کیے جانے کی توقع ہے۔ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے بعد مقامی سطح پر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے
#/S




