عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کیلئے قرارداد سینیٹ میں جمع

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی

الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد جو سینیٹ میں منظور کی گئی وہ غیر جمہوری اور دستور کے خلاف ہے

سینیٹ سے الیکشن کے التوا سے متعلق منظور کردہ قراردادکو کالعدم تصور کیا جائے،8 فروری کوشفاف الیکشن کرائے جائیں،قراردادمیں مطالبہ

اسلام آباد (ویب  نیوز)

8 فروری 2024 کے عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کے لئے پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ میں قرار داد جمع کرا دی گئی۔جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، مقررہ وقت پر الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے اور 8 فروری کو الیکشن کی تاریخ مقرر کی جا چکی ہے۔سینیٹر مشتاق احمد کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ موسم کی صورتِ حال اور امن و امان کو بنیاد بنا کر الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد جو سینیٹ میں منظور کی گئی وہ غیر جمہوری اور دستور کے خلاف ہے، سینیٹ کو آئین کے خلاف کسی اقدام کا اختیار نہیں ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ 8 فروری کو صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں اور سب جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، سینیٹ سے الیکشن کے التوا سے متعلق منظور کردہ قراردادکو کالعدم تصور کیا جائے۔