نواز،شہباز کی لندن میں بیٹھک، کسی کا دبائو قبول نہ کرنے اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی کرانے پر اتفاق

اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے ،کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے،شریف برادران

سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، نواز شریف کی چھوٹے بھائی شہباز شریف کو ہدایت

سیلاب متاثرین کی امداد وبحالی کیلئے وفاقی، صوبائی حکومتیں اور این ڈی ایم اے ملک کر کام کر رہے ہیں،وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو

لندن (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد  و سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں اہم ملاقات ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ کسی کا دبائو قبول نہیں، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔  شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار، سلمان شہباز بھی موجود تھے، وزیر اعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمن سے مشاورت کے بارے میں نواز شریف کو آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت تمام توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور معیشت کو بہتر کرنے پر مرکوز ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ نواز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وزیراعظم شہباز شریف سے اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کئے جائیں جبکہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔سابق وزیراعظم  نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سیلاب متاثرین کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں، حکومت بحالی کیلئے کوششوں میں تیزی لائے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی سیلاب متاثرین کے لیے عطیات فراہم کر رہے ہیں، افواج پاکستان بھی سیلاب متاثرین میں پیش پیش ہیں، سیلاب کی صورتحال میں دوست ممالک مدد فراہم کر رہے ہیں، حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں فرض کی ادائیگی کر رہی ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے صوبائی حکومتیں اور این ڈی ایم اے کام کر رہی ہیں، سیلاب متاثرین کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے ہیں، ہر متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دے رہے ہیں، کوشش ہے سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔