عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،مل کر شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے،چیف الیکشن کمشنر

نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا

پنجاب حکومت  عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی،نگران وزیراعلیٰ پنجاب

اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی

لاہور(  ویب  نیوز)

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔وزیراعلیٰ ہائوس لاہور میں  چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہواجلاس منعقد ہوا ،جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، عام انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کو پرامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ طے کیا گیا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈی نیشن کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے، نگران وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا، پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، پنجاب ٹیم عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی، عام انتخابات کا منصفانہ،آزادانہ اور پرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے جسٹس (ر)اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر آصف حسین، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔