پی ٹی آئی کے مزید امیدواروں کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں منظور

 این اے 243 سے پی ٹی آئی کے سبحان ساحل، این اے 242 سے  امجد آفریدی اور پی ایس 113 سے حسنین چوہان کی اپیل بھی منظور کر لی گئیین

اسد قیصر اور تیمور سلیم جھگڑا ،طاہرصادق ،فوزیہ بہرام  یوسف خان ، واثق قیوم عباسی،سیمابیہ طاہر، راجہ راشد حفیظ ،، مرتضیٰ ستی، طارق مرتضیٰ کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

ا سلام آباد( ویب  نیوز)

الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے مزید امیدواروں کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں منظور کر لیں۔الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریٹرننگ افسران کے اہلیت پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے آر اوز نے شوقیہ دھڑا دھڑ کاغذاتِ نامزدگی مسترد کئے ہیں۔الیکشن ٹریبونل نے این اے 243 سے پی ٹی آئی کے سبحان ساحل، این اے 242 سے پی ٹی آئی کے امجد آفریدی اور پی ایس 113 سے پی ٹی آئی کے حسنین چوہان کی اپیل بھی منظور کر لی۔ہالہ سے پی ٹی آئی امیدوار مخدوم فضل کی بھی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی ۔آزاد امیدوار رفیعہ حسن کو بھی پی ایس 126 سے انتخابات لڑنے کی اجازت مل گئی، آزاد امیدوار جمال الدین اور دیدار علی کی بھی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کر لی گئی۔ٹریبونل نے پیپلزپارٹی کے امیدوار رف احمد کی بھی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کر لی۔الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریٹرننگ افسران کے اہلیت پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا جان بوجھ کر امیدواروں کو انتخابات لڑنے سے روکا جارہا ہے؟۔انہوں نے ریمارکس دیئے کہ ایسا لگ رہا ہے ریٹرننگ افسر نے شوقیہ دھڑا دھڑ کاغذات نامزدگی مسترد کئے، محض مقدمات کی بنیاد پر کسی کوانتخابات لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا، آر اوز دوربین لگا کر حقائق کی ٹھیک نشاندہی نہیں کر سکے تو ہم کیسے کریں؟۔جسٹس عدنان الکریم نے امیدواروں اور وکلا سے دلچسپ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جا بابا، جا کر الیکشن لڑنے کی تیاری کرو۔

الیکشن ٹریبونلز نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور تیمور سلیم جھگڑا ،طاہرصادق ،فوزیہ بہرام سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات منظور کرلئے۔ہائی کورٹس کے الیکشن ٹربیونلز میں ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں کی سماعتیں جاری ہیں۔ اپیلوں کے فیصلوں میں 4 روز باقی ہیں۔ 10 جنوری تک تمام فیصلے سنادیئے جائیں گے۔راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے حلقہ پی پی 23 چکوال سے فوزیہ بہرام کے کاغذات منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے اعتراضات مسترد کردیئے اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔پشاور میں الیکشن ٹربیونلز نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سابق ایم این اے شیر علی ارباب کی اپیلیں منظور کرلیں۔الیکشن ٹربیونل نے این اے 36 ہنگو سے پی ٹی آئی ہنگو کے صدر یوسف خان کی اپیل بھی منظور کرلی۔راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل سربراہ جسٹس مرزا وقاص رئوف نے تحریک انصاف کے تمام امیدواروں سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، میجر طاہر صادق، ان کی اہلیہ ناز صادق ، پی پی 15 سے سابق وزیر قانون بشارت راجہ، کرنل اجمل صابر، مرتضیٰ ستی، طارق مرتضی، سیمابیہ طاہر، سابق وزیر راجہ راشد حفیظ کے کاغذات منظور کرکے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔