گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں 16 فیصد ریکارڈ کمی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ
برینٹ کروڈ 98.35 ڈالر فی بیرل ہوگیا،امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت کی امید کے باوجود خطے میں کشیدگی کے خطرات برقرار ہیں، ماہرین
نیویارک ( ما نیٹرنگ ڈیسک )عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صبح 4 بج کر 27 منٹ جی ایم ٹی تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3 سینٹ اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 98.35 ڈالر ہوگئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 0.5 فیصد اضافے کے بعد فی بیرل قیمت 91.30 ڈالر ہوگئی۔ قیمتوں میں معمولی اضافے سے قبل گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں 16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو کورونا وبا کے آغاز کے بعد کسی ایک ہفتے میں ہونے والی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ ایس ایس ویلتھ اسٹریٹ کی بانی سگندھا سچدیوا نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی پیش رفت کے امکانات پر حالیہ امید کے باوجود جغرافیائی سیاسی خطرات بدستور زیادہ ہیں اور فوجی کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے نسبتاً پُرامید منظرنامے کو مدنظر رکھ کر قیمتیں طے کر رہی ہے، حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان ابھی تک کوئی جامع معاہدہ نہیں ہو سکا۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف جنگ میں مزید شدت پیدا کرنے کے خواہاں نہیں ہیں۔





