دسمبر میں مہنگائی 28.5 فیصد، جنوری میں 25 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، وزارت خزانہ

مشکل صورتحال اورچیلنجوں کے باوجود مجموعی اقتصادی پیش منظرحوصلہ افزا ہے

تجارتی اورحسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں نمایاں کمی سے پائیداراقتصادی نموکیلئے مضبوط بنیادیں استوارہوئی، وزارت خزانہ رپورٹ

اسلا م آباد( ویب  نیوز)

وزارت خزانہ نے دعوی کیا ہے کہ ملکی معیشت کی بتدریج بحالی کا عمل جاری ہے، ملک میں مہنگائی میں کمی آرہی ہے اور دسمبر میں مہنگائی 28.5 فیصد جبکہ جنوری 2024 میں 25 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔وزارت خزانہ نے دسمبر کی ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت کی بتدریج بحالی کا عمل جاری ہے، نومبر میں پاکستان اسٹاک ایکسچنج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، زرعی شعبے کی کارکردگی مثبت دکھائی دے رہی ہے، ربیع سیزن کے پیداواری اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں اور پنجاب میں گندم کے پیداواری رقبے میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی سے نومبر تک غیر ملکی سرمایہ کاری میں 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی سے اکتوبر تک اخراجات میں 35 فیصد اضافہ ہوا، اسی دوران جاری اخراجات میں 44 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جولائی سے اکتوبر تک سود کی ادائیگیوں میں 63 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی 28.5 فیصد تک رہنے جبکہ جنوری 2024 میں 25 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔وزارت خزانہ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ جولائی سے نومبر تک برآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس مدت میں درآمدات 16 فیصد کم ہوئیں، اسی دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 64.5 فیصد کم ہوا جبکہ جولائی سے اکتوبر تک بجٹ خسارے میں 31.9 فیصد کمی ہوئی،:وزارت خزانہ نے کہاہے کہ مشکل صورتحال اورچیلنجوں کے باوجود مجموعی اقتصادی پیش منظرحوصلہ افزا ہے، افراط زرکے دبائو میں کمی آ رہی ہے، زرعی شعبہ میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے جبکہ اہم معاشی اشاریے بھی بہتری کی عکاسی کر رہے ہیں، جاری مالی سال کے دوران تجارتی اور حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں نمایاں کمی سے پائیدار اقتصادی نمو کیلئے مضبوط بنیادیں استوار ہوئی ہیں۔