کاغذات چھیننا اور مظاہرین پر تشدد توجہ طلب مسئلہ ہے، صدر مملکت

سابق وزیرخارجہ کے ساتھ غیر مہذب سلوک کیا گیا

 ہمیں ایسی ریاست نہیں بننا چاہیے جہاں انسانی حقوق اور وقار کو بلاخوف پامال کیا جائے

صدر عارف علوی کا ٹویٹ

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ کاغذات چھیننا اور مظاہرین پر تشدد توجہ طلب مسئلہ ہے، سابق وزیرخارجہ کے ساتھ غیرمہذب سلوک کیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسی ریاست نہیں بننا چاہیے جہاں انسانی حقوق اور وقار کو بلاخوف پامال کیا جائے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ کاغذات چھیننا اور مظاہرین کے خلاف بے رحمانہ کارروائی توجہ طلب مسئلہ ہے، دو حکومتوں کے سابق وزیر خارجہ کے ساتھ غیر مہذب سلوک کیا گیا، ان کے ساتھ اس سلوک پر حکام کو ضرور توجہ کرنی چاہیے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ رجعت پسند دلائل کہ ایسے واقعات پہلے بھی رونما ہوتے رہے ہیں مناسب نہیں ہیں ، پاکستان کو بدلنا ہوگا اور بحیثیت قوم اس پر متفق ہیں تو آج سے بہتر کوئی دن نہیں۔یاد رہے کہ یاد رہے کہ بدھ کو سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔شاہ محمود قریشی کو ایس ایچ او صدر بیرونی پولیس کی سربراہی میں آنے والی ٹیم نے گرفتار کیا، سابق وزیر خارجہ کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔