عمران خان اور بشریٰ بی بی کے اڈیالہ جیل میں میڈیکل ٹیسٹوں کی مکمل رپورٹس منظرِ عام پر لائی جائیں، علاج میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر قابلِ قبول نہیں، اسد قیصر
مولانا فضل الرحمان کے اٹھائے گئے آئینی سوالات کا جواب کردار کشی کے بجائے دلیل اور قانون کی روشنی میں دیا جائے۔ محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس
اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبائی خودمختاری، عوامی مینڈیٹ اور پارلیمانی جمہوریت کے لیے انتہائی تشویشناک قرار دیا
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے اڈیالہ جیل میں میڈیکل ٹیسٹوں کی مکمل رپورٹس منظرِ عام پر لائی جائیں، بانی کے علاج میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر قابلِ قبول نہیں۔ پی ٹی آئی ہنماء اسد قیصر کے ایکس پر جاری اعلامیہ کے مطابق آج تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیٔرمین اور قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی، وائس چیٔرمین و قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس اور سیکرٹری جنرل اسد قیصر نے مشترکہ مشاورت میں ملک کی موجودہ سیاسی، آئینی اور جمہوری صورتحال، خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ، سیاسی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریوں، عدالتی کارروائیوں میں رکاوٹوں اور بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔مشاورت میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان کے خلاف جاری منظم کردار کشی کی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر کسی جید عالمِ دین، سینئر سیاسی رہنما اور ان کے خاندان کی عزت و وقار کو نشانہ بنانا ہماری مذہبی، اخلاقی اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے دوٹوک، اصولی اور آئینی مؤقف کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ان کے اٹھائے گئے آئینی سوالات کا جواب کردار کشی کے بجائے دلیل اور قانون کی روشنی میں دیا جائے۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبائی خودمختاری، عوامی مینڈیٹ اور پارلیمانی جمہوریت کے لیے انتہائی تشویشناک قرار دیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ان اقدامات کے آئینی جواز کا شفاف اور غیر جانبدارانہ عدالتی جائزہ ہونا چاہیے اور ان کے خلاف تمام آئینی، قانونی اور پارلیمانی فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی۔ وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں پشاور ہائی کورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت دائر درخواستوں کی سماعت معطل ہونے، گورنر راج اور ایمرجنسی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں اور تین ایم پی او کے تحت گرفتار سیاسی کارکنوں کی قانونی دادرسی متاثر ہونے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عدالتوں تک رسائی اور انصاف کا حصول ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، جسے کسی صورت محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔ مشاورت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والے ان کے میڈیکل ٹیسٹوں کی مکمل رپورٹس فوری منظرِ عام پر لائی جائیں۔ عمران خان کو الشفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور ذاتی معالجین کی موجودگی میں علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔قیدیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر قابلِ قبول نہیں۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کے بیان کے تناظر میں وزیرِ اعلیٰ محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر خان، صوبائی وزرا اور اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کی حراست اور قانونی حیثیت سے متعلق صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔مطالبہ کیا گیا کہ اگر یہ منتخب عوامی نمائندے زیرِ حراست ہیں تو ان کی گرفتاری کی وجوہات اور قانونی حیثیت فوری واضح کی جائے، انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا جائے اور اہلِ خانہ و وکلا تک رسائی فراہم کی جائے۔ اسی طرح تین ایم پی او کے تحت گرفتار عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی سمیت تمام سیاسی کارکنوں اور تحریک انصاف کی قیادت کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر گرفتاریوں، دباؤ اور قانونی حقوق کی عدم فراہمی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی، پارلیمان کے وقار، صوبائی خودمختاری اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر سیاسی انتقام، غیر آئینی اقدامات اور شہری آزادیوں پر پابندیوں کے خلاف ہماری آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد پوری قوت اور استقامت کے ساتھ جاری رہے گی۔





