بلیو ایریا کے کمرشل پلاٹوں کے نیلام عام کے دوسرے روز بھی نیلامی کے عمل میں سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت
نیلام عام کے دوسرے روز سی ڈی اے نے 4پلاٹوں کی 5.54ارب روپے کی بولیاں قبول کیں
نیلامی کے پہلے روز04پلاٹوں کے لیے دی جانے والی 7.25 ارب روپے کی بولیوں کو قبول کیں
اسلام آباد(صباح نیوز) سی ڈ ی اے کے زیر اہتمام بلیو ایریا کے کمرشل پلاٹوں کے نیلام عام کے دوسرے روز بھی نیلامی کے عمل میں سرمایہ کاروں نے بھر پور شرکت کی۔ تین روزہ نیلام عام کے پہلے دونوں روز کی نیلامی کے عمل میں سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سرمایہ کاروں کی طرف سے بڑی تعدادمیں بھر پور شرکت انکی سی ڈی اے اور وزیر اعظم پاکستان کے تعمیراتی سیکٹر کے لیے پیکج پر اعتماد کا مظہر ہے۔ نیلام عام کے دوسرے روز سی ڈی اے نے 04 پلاٹوں کی 5.54 ارب روپے کی بولیاں قبول کیں۔ نیلامی کے پہلے روز سی ڈی اے کو 07 پلاٹوں کے لیے 11.7 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں تھیں تاہم آکشن کمیٹی نے 04 پلاٹوں کے لیے دی جانے والی 7.25 ارب روپے کی بولیوں کو قبول کیا جو سی ڈی اے کے رواں مالی سال کے بجٹ میں اس آکشن کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدن کے تخمینہ کے برابر ہیں۔مجموعی طور پر نیلام عام کے پہلے دو روز میں آکشن کمیٹی کو 17.24 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں تاہم ان میں سے 8 پلاٹوں کے لیے 12.28 ارب روپے کی دی جانے والی بولیوں کو سی ڈی اے بورڈ میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ نیلام عام کا آغاز 15جولائی 2020 کو ہوا تھا جو مورخہ 16 جولائی کو بھی جاری رہا جبکہ یہ نیلامی آج مورخہ 17 جولائی کو اختتام پذیر ہو گی۔سی ڈی اے نے اس نیلا می میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات دی ہیں۔ان مراعات میں ہر قدم پر سرمایہ کاروں کو سہولت کے لیے فسلیٹیشن ٹیم، بولی کی قبولیت کے 30 دن کے اندر25% کی پہلی قسط کی ادائیگی، مکمل ادائیگی پر تعمیر کا آغاز، یکمشت ادائیگی پر 10% رعایت، متعین کردہ بنیادوں پر ایڈوانس انکم ٹیکس کی ادائیگی، ہر پلاٹ کے اردگرد سرکولیشن سٹرپ، 1000 گز سے کم پلاٹوں کے لیے 100%کوریج، 1000 گز سے زائد پلاٹوں کے لیے 70% سے 75% تک گرانڈ کوریج، کشادہ پبلک پارکنگ اور عمارات کی تعمیر کے لیے نئے قواعد وضوابط کا اطلاق اور پہلی قسط کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری کے علاوہ بولی دہندگان جو 31 دسمبر 2020 سے قبل اپنے بلڈنگ پلان ادارے سے منظور کرائیں گے وہ وزیر اعظم پاکستان کے تعمیراتی انڈسٹری کے لیے اعلان کردہ پیکج جس میں 29 فیصد سے 10 فیصد ٹیکس ریٹ میں کمی کی سہولت اور آمدن کے ذرائع ظاہر نہ کرنے کی سہولیات سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ سی ڈی اے نے نیو بلیو ایریا پلاٹوں کی نیلامی کے لیے 10 رکنی کمیٹی بھی قائم کی ہے۔ سی ڈی اے کے ممبر فنانس آکشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں جبکہ ممبر اسٹیٹ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ڈپٹی فنانشل ایڈوئزرII-، ڈائریکٹر جنرل لا، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، ڈائریکٹر اربن پلاننگ، ڈائریکٹر ریجنل پلاننگ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ II-، اور ڈائریکٹر فنانس کمیٹی کے ممبران ہیں۔موصول ہونے والی بولیوں کو سی ڈی اے بورڈ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جو بولیوں کو منظوری کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے