وزیراعظم عمران خان نے بنگلا دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد کو ٹیلیفون کیا اور پاکستان آنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم عمران خان نے بنگلا دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کو ٹیلیفون کیا اور بنگلا دیش میں کورونا وائرس سے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وباء پر قابو پانے کے لئے بنگلا دیشی قیادت کے اقدامات کو بھی سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا وباء کے باعث درپیش متعدد چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اپنے اپنے ملکوں میں کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے بنگلا دیش میں حالیہ سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے بنگلا دیش کی ہم منصب کو ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کے عالمی اقدام سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور برابری پر مبنی ہیں۔ سارک کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے پائیدارامن وخوشحالی کی غرض سے ملاقات تعاون کے لئے دونوں ملکوں کے ملکر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
عمران خان نے بنگلا دیشی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا اور خطے میں پائیدار قیام امن کے لئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔