ریاض : (ویب ڈیسک)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران مملکت کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں دفاتر کھلے رہیں گے۔
سعودی ذرائع ابلاغٖ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران اوقات کار صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار سے جمعرات تک دفاتر کھلے رہیں گے۔ ابشر، اعمال اور مقیم آن لائن کے ذریعے جو کام نہ ہورہے ہوں ان کے لیے دفاتر سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
صحارا مرکز (لیڈیز سیکشن) کا دفتر روزانہ دوپہر دو بجے سے رات 8 بجے تک ہفتہ 4 ذی الحجہ سے جمعرات 9 ذی الحجہ تک کھلا رہے گا۔
مکہ مکرمہ ریجن میں ریڈسی مال میں محکمہ پاسپورٹ کا دفتر سہ پہر چار بجے سے رات 9 بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے لے کر بدھ 8 ذی الحجہ تک کام کرے گا جبکہ التحلیہ مال میں شام چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ تین ذی الحجہ سے بدھ 8ذی الحجہ تک کھولا جائے گا۔
الصیرفی مال میں سہ پہر چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے بدھ 8 ذی الحجہ تک کام کرے گا، محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں مزید کہا کہ سعودی شہری نئے پاسپورٹ میں توسیع کے بعد ابشر کے ذریعے ڈاک سے پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران پاسپورٹ آفس صرف ایسے معاملات ہی نمٹائیں گے جو ابشر سسٹم کے ذریعے نہ ہوسکتے ہوں۔
اگر کسی کو ابشر کے ذریعے کسی کام میں رکاوٹ پیش آرہی ہو تو وہ ابشر پر جاکر (الرسائل و طلبات) سروس کے ذریعے رکاوٹ حل کراسکتا ہے، محکمہ پاسپورٹ کے تمام دفاتر معمول کی شکل میں اتوار 19 ذی الحجہ سے کام شروع کریں گے۔