لاہور (سٹاف رپورٹ)
لاہور اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں تاجروں نے دکانیں کھول لیں۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دکانیں بند کرا دیں جبکہ پکڑ دھکڑ میں کئی دکاندار گرفتار کرلئے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تاجروں نے حکومتی لاک ڈائون کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ گھنٹہ گھر کے گرد بازار کھولنا شروع کر دئیے، ریل بازار میں کپڑے کی مارکیٹ مکمل طور پر کھل گئی۔ مکی مارکیٹ اور گول بازار میں بھی متعدد دکانیں کھل گئیں۔انجمن تاجران سپریم نے حکومتی لاک ڈائون کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے، حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انجمن تاجران کی جانب سے ریل بازار سے گھنٹہ گھر چوک تک ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پہلے ہی کاروبار کا نقصان کرچکے، مزید دکانیں بند نہیں کریں گے۔لاہور ،جھنگ سمیت کئی شہروں میں دکانداروں نے دکانیں کھول لیں جبکہ پولیس بھی دکانیں بند کرانے کیلئے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے ۔