کراچی(صباح نیوز)
گذشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال قربانی کے جانوروں کی آن لائن فروخت میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے، کورونا وائرس کے خدشات سے تحفظ کیلئے لوگوں کی اکثریت آن لائن ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے قربانی کے جانوروں کی خریداری کو ترجیح رہی ہے، جانوروں کی آن لائن تشہیر کے ایک ہفتہ سے کم وقت میں پورا سٹاک فروخت ہو جاتا ہے۔کووڈ۔19 کی وبا کے باعث قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت اور دیگر خدمات کے حوالہ سے ڈیجیٹل ذرائع سے استفادہ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ او ایل ایکس، فیس بک اور انسٹا گرام سمیت دیگر کئی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے یہ سہولت دستیاب ہے۔ پاکستان کے بڑے شہروں میں خریدار قربانی کی آن لائن خریداری کو ترجیح رہے ہیں۔او ایل ایکس پاکستان کے شعبہ سیلز کے سربراہ فرحان خان نے کہا ہے کہ گذشتہ سال ہمارے پلیٹ فارم سی20 ہزار جانور فروخت کئے گئے جبکہ رواں سال 800 سے زیادہ بیوپاریوں نے اپنے جانوروں کی او ایل ایکس پر تشہیر کی ہے اور روزانہ 25 ہزار سے زیادہ صارفین ویب سائٹ وزٹ کر رہے ہیں تاکہ قربانی کے مناسب جانور کی خریداری کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فیڈ بیک کے مطابق مشتہر کئے گئے جانوروں کا اسٹاک ایک ہفتہ کے دوران فروخت ہو جاتا ہے۔ اسی طرح فیس بک کی انتظامیہ نے بھی آن لائن قربانی کی خریداری کی شرح میں اضافہ کی نشاندہی کی ہے۔ کیئر فور پاکستان کے کنٹری منیجر جین مارک نے کہا ہے کہ رواں سال قربانی کے جانوروں کی آن لائن خریداری میں100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی جانوروں کی قربانی کے حوالہ سے شریعت کے مطابق اقدامات کو یقینی بناتی ہے جبکہ قربان کئے گئے جانور کے گوشت کی پراسیسنگ کے دوران صفائی کے عالمی معیارات اور ایچ اے سی سی بی کے معیارات پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔