اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) وزارت خارجہ میں کشمیر کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں حزب اختلاف، وفاقی کابینہ کے اراکین اور ڈی جی آئی ایس آئی نے خصوصی شرکت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ قوم، سیاسی جماعتیں اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملے پر یکساں موقف کی حامل ہیں۔ آج پوری دنیا کے سامنے بھارت سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ دنیا بھارت کی منافرت پسند پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کشمیر کے معاملے پر سیاسی جماعتیں اور عسکری قیادت یکساں موقف رکھتی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کانفرنس کے شرکا کو مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پربریفنگ دی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارت کےغیر آئینی اور یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہر بین الاقوامی فورم پر بے نقاب کیا۔ آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں۔ پارلیمنٹ کے اجلاس سے مودی سرکار کو پیغام جائے گا۔