اسلام آباد(صباح نیوز)
پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اثر ہوتا جارہا ہے اور ملک میں 2 لاکھ 80 ہزار 461 مصدقہ کیسز میں سے 2 لاکھ 49 ہزار 397 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 999 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔ منگل کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 180 کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 524 افراد ایسے تھے جو وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بڑی تعداد تعداد میں کمی نے امید کی کرن پیدا کردی ہے اور اس وقت ملک میں فعال کیسز 25 ہزار سے کچھ زیادہ ہی رہ گئے ہیں۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ سے اس وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں سامنے آئی تھی۔تاہم ابتدا میں اس وائرس کا پھیلا کافی حد تک کم تھا جو اپریل کے مہینے سے بڑھنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کیسز میں کافی تیزی دیکھی گئی جبکہ جولائی کے مہینے میں بھی مجموعی صورتحال معتدل رہی تاہم یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔اگر اگست کے ابتدائی 3 روز کی بات کریں تو اس میں عید کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم نظر آئی۔ منگل کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات کیبعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 139 نئے کیسز اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی۔سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے پورٹل کے مطابق ان نئے 139 کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 93 ہزار 336 تک پہنچ گئی۔اس کے علاوہ 5 اموات کا اضافہ صوبے میں اموات کی تعداد کو 2 ہزار 153 تک لے گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 19 افراد کو متاثر جبکہ 2 کی جان لے گیا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 نئے مریض سامنے آئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 95 ہوگئی۔مزید برآں 2 افراد کے انتقال کے باعث دارالحکومت میں مجموعی اموات 167 تک جاپہنچیں۔گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلا دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 18 کیسز آئے ہیں۔ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 198 تک پہنچ گئی۔ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 4 کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 97 ہوگئی۔پاکستان میں کورونا کیسز میں سے ایک بڑی تعداد اب تک صحتیاب ہوچکی ہے جو دیگر فعال کیسز کے لیے امید کی کرن ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 524 مریض کورونا وائرس سے شفایاب ہوئے اور یوں مجموعی طور پر اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار 397 تک پہنچ گئی،ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 21 ہزار 705 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 336 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 253 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 777 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 95، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 97 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 198 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔