کراچی (ویب ڈیسک)
سندھ ہائی کورٹ نے چترال پی آئی اے طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرانے کی درخواست کی سماعت کے دوران سول ایوی ایشن حکام پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔
عدالتِ عالیہ میں سول ایوی ایشن نے چترال طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی۔
سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن حکام پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2016ء کا واقعہ ہے اور ابھی تک انکوائری مکمل نہیں کی۔
عدالتِ عالیہ نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ کیس چلتا رہے اور آپ کے جہاز بھی چلتے رہیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو حکم دیا کہ اس معاملے پر 8 ستمبر تک حتمی رپورٹ پیش کریں۔
سندھ ہائی کورٹ میں طیارہ حادثے کی تحقیقات اور اس کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کے لیے اقبال کاظمی نے درخواست دائر کی ہے۔