کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کی ایک اور بھارتی سازش ناکام
سیدعلی گیلانی کا نشان پاکستان ایوار ڈ کے حوالے سے صدر پاکستان کے نام ان سے منسوب خط جعلی نکلا
نشان پاکستان کے حوالے سے صدر پاکستان کے نام مجھ سے منسوب خط بلاشبہ جعلی ہے ،یہ کشمیر کاز کے خلاف کام کرنے والے عناصر کی مذموم کوشش ہے ،سید علی گیلانی
سری نگر،اسلام آباد(ویب ڈیسک ) بزرگ حریت رہنما ء سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اعلی اعزاز، نشان پاکستان کے حوالے سے صدر پاکستان کے نام ان سے منسوب خط بلاشبہ جعلی ہے اور یہ کشمیر کاز کے خلاف کام کرنے والے عناصر کی مذموم کوشش ہے ،جمعرات کو اپنے ٹویٹرپر جاری بیان میں سیدعلی گیلانی نے کہاکہ جب تک ان کے نمائندے عبداللہ گیلانی کی جانب سے میرے حوالے سے کسی بھی بیان کی تصدیق نہیں ہوتی تو یہ ایسے عناصر کی کارستانی ہوگی جو کشمیر کازکے خلاف کام کررہے ہیں،علاوہ ازیں ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹریو میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کے جذبات کو کمزور کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد بھارت اب بھونڈی حرکتوں پر اتر آیا ہے، بھارت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے نام سے جعلی خط جاری کیا۔ جعلی خط میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ترجمان آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مطابق بھارت کی جانب سے یہ جعلی خط جاری کرنے کا مقصد حریت قیادت اور پاکستان کے درمیان پھوٹ ڈالنا تھا اور ساتھ ہی آزادی کی تحریک سے وابستہ جماعتوں کے درمیان انتشار اور بے یقینی پیدا کرنا تھا جس میں بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ کچھ سازشی عناصر حریت قیادت کے مسلسل نظربند ہونے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے یہ حرکتیں کررہے ہیں تاہم کشمیری عوام ان گھناونی سازشوں میں سرگرم بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور دیگر عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی جو تحریک آزادی کے حامیوں کی آڑ میں ایسے جعلی خطوط جاری کرتے ہیں تاہم وہ کبھی بھی اس میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان نے بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی کو یوم آازاد ی پر پاکستان کے اعلی اعزاز نشان پاکستان سے نوازا او ر ان کا یہ ایوارڈ حریت کانفرنس کے رہنماوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دور ان صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے وصول کیا تھا
#/S