کراچی (ویب ڈیسک)
کراچی میں آج شام یا رات معتدل اور کہیں تیزبارش کا امکان ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پاکپتن، سیالکوٹ، جہلم، چیچہ وطنی سمیت بھمبر آزادکشمیر، استور اور گردونواح میں رات گئے بارش سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں بارشیں برسانے کے بعد مون سون ہواؤں کا رخ جنوبی پنجاب اور شمال کی جانب ہوگیا ،پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں میرپور خاص، سکھر، پڈعیدن، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں بھی بادل جم کر برسنے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔
آزاد کشمیر میں نکیال اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، عوام کو ندی نالوں اور دریاؤں سے دور رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے برعکس کراچی میں اتوار کے بعد گزشتہ رات بھی کوئی بارش یا بوندا باندی نہیں ہوئی ۔
ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات معتدل اور کہیں تیزبارش ہوسکتی ہےجبکہ مون سون ہواؤں کا زیادہ تر اثر مشرقی اوروسطی سندھ پرہے۔