وزیراعظم کی اسلام آباد میں موجود پناہگاہوں کو ری ماڈل کرنے کی ہدایت
حکومت مستحق افراد کیلئے پناہگاہوں میں توسیع اور مزید پنا ہ گاہیں تعمیر کرے گی،ڈاکٹر ثانیہ نشتر
وفاقی دالحکومت کی تمام پناہ گاہوں میں ترجیحی خدمت کی فراہمی کے معیارات کو اپنایا جائیگا ،وزیراعظم کو بریفنگ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو ترلائی اسلام آباد میں نئی اپ گریڈ ڈماڈل پناہ گا ہ کا دورہ کیا۔ گزشتہ ماہ وزیر اعظم کی جانب سے اسلام آباد میں موجود پناہگاہوں کو ری ماڈل کرنے کی ہدایت پر ترلائی میں پہلا پروٹوٹائپ شیلٹر ہوم ایک ماہ سے بھی کم وقت میں بہترین انفراسٹرکچر، کیٹرنگ اور معیار زندگی کیساتھ دیہاڑی داروں اور مزدوروں کو بھر پور خدمات فراہم کرنے کیلئے تیار کیا گیاہے۔ اگلی سہ ماہی میں، وفاقی دالحکومت کی تمام پانچوں پناہ گاہوں میں ترجیحی خدمت کی فراہمی کے معیارات کو اپنایا جائیگا اور بعد ازاں ملک بھر میں اس کی توسیع کی جائیگی۔اس موقع پر، وزیرا عظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو پناہ گاہ میں ری ماڈل انتظامی امور اور اصلاحی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ڈویژن کو پناہ گاہوں کے معیار میں بہتری اور توسیع کی ذمہ داری دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، کیٹرنگ، رہائش، سیکیورٹی پروٹوکول، معیاری صلاحیت، منظم ہیومن ریسورس، اہلیت کے معیار، موثر نگرانی، عطیات اور مالی تفصیلات کیساتھ پناہ گاہوں کے معیار زندگی کی تشکیل نو کی گئی ہے۔ ترجیحی خدمات کی فراہمی کے معیارات سے نہ صرف دوردراز علاقوں کے مزدوروں،بے گھروں، بے روزگاروں اوردوسرے شہروں سے آنے والے مریضوں کے تیمارداروں کو بہترین بورڈنگ اور قیام و طعام کی سہولیات مفت مل سکیں گی بلکہ انھیں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ بھی فراہم ہوگا۔ایم ڈی بیت المال، عون بپی نے وزیراعظم کو پناہ گاہ کے نظام و انصرام میں کی جانے والی تبدیلیوں سے متعلق آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے پناہ گاہ کا دورہ کیا اور وہاں موجود مزدوروں سے بات چیت کی۔ 9اگست 2020کو، وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہ (شیلٹر ہومز)کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے پناگاہ حکمت عملی کو منظور کیا تھا۔ تزئین و آرائش کا جو کام گزشہ ماہ شروع ہوا تھا حال ہی میں تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کی زیر نگرانی بیت المال کے ذریعہ مکمل کیا گیا ہے۔ پناہ گاہ کے مینڈیٹ کے مطابق، ایڈوکیسی، مانیٹرنگ اور اویلویشن سے متعلق امور وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ یکھیں گے۔اس موقع پر پناہ گاہ کے فوکل پرسن نسیم الرحمان، سیکرٹری پی اے ایس ایس ڈی، علی رضا بھٹا، ایڈیشنل سیکرٹری پی اے ایس ایس ڈی ڈاکٹر عصمت طاہرہ، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور دیگر سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔وہ مزدور اور دیہاڑی دار جنہیں پناہ گاہ سے زیادہ شیلٹر کی ضرورت ہے، حکومت ملک بھر میں انہیں سہولیات فراہم کررہی ہے۔ پناہ گاہ نہ صرف ضرورت مندوں کو پناہ دیتی ہیں بلکہ ان کیلئے دو وقت کا کھانا بھی مہیا کرتی ہے۔ حکومت مستحق افراد کیلئے پناہگاہوں میں توسیع اور مزید پناہگاہیں تعمیر کرے گی۔