• کام کی رفتار تیز اور منصوبے کی تاخیر کا باعث بننے والے حکام کیخلاف کارروائی کی جائے، شہباز شریف
  • سی بی ڈی منصوبے پر تھرڈ پارٹی تبدیل کی جائے تاکہ منصوبے کی جلد تکمیل سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی
  • منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے زیادہ کام کرنے والی افرادی قوت کو خصوصی مراعات بھی دی جائیں،وزیراعظم کی متعلقہ حکام کو ہدایت

لاہور (ویب نیوز)

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے زیر تعمیر لاہور برج اور سی بی ڈی انڈر پاس کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ، عید پر لاہور برج کے لیے کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کی جائے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی،چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔لاہور برج کی کنسٹرکشن سائٹ کے دورہ کے دوران  چیف انجیئنر ایل ڈی اے اسرار سعید نے وزیرِ اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی کہ اوور ہیڈ برج کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 11.1 میٹر ہے، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے)نے یہ منصوبہ 2021میں 1712ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا مگر (این او سی)نہ ملنے کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔وزیر اعظم نے کام کی رفتا ر اور لیسکو کے شٹ ڈائون پروگرام پر ناراضگی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے اس تاخیر کا باعث بننے والے حکام کیخلاف قانونی کارووائی کرنے کی ہدایت کی اور یہ پراسیس دو ہفتوں میں مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام دو کی بجائے ایک ماہ کے عرصہ میں مکمل کرنے کا وقت دیا ۔انہوں نے منصوبے کی توثیق کیلئے تعمیراتی کمپنی کی قیمت پر معروف تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کی جلد تکمیل سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے زیادہ کام کرنے والی افرادی قوت کو خصوصی مراعات بھی دی جائیں۔