کراچی (ویب ڈیسک)
یوم بحریہ پر پاک نیوی کی ڈاکیو منٹری ‘سرخرو’ ریلیز کر دی گئی۔ چار مارچ 2019 کو بھارتی آبدوز نے پاکستانی پانیوں میں در اندازی کی کوشش کی، جس پر وطن کے محافظوں نے بھاگنے پر مجبور کیا، کامیاب آپریشن پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی یہ فلم بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخلے سے روکنے کی کامیاب کاروائی پر مبنی ہے، 4 مارچ 2019 کو پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیا، بھارتی بحریہ کی دراندازی کی یہ ناکام کوشش پلوامہ حملوں کے بعد پیدا کشیدگی کا تسلسل تھی، دستاویزی فلم سرخرو پاک بحریہ کے بہادر ہیروز کو فرائض ادائیگی میں سرخرو ہونے پر خراجِ تحسین ہے۔
دوسری جانب پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہداء اورغازیوں کی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کا دن ہے، یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے، آپریشن دوار کا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے، پاک بحریہ نے بھارتی بندرگاہ دوار کا پر حملہ کر کے ریڈار سٹیشن تباہ، دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔
نیول چیف کا کہنا تھا پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہوں میں مقید رکھا، آج پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر عالمی پانیوں میں امن و استحکام یقینی بنا رہی ہے، سی پیک کے تناظر میں پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں میں اہم کردار نبھانے کیلٸے تیار ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا پاکستان نیوی سمندری تحقیق میں تعاون کے علاوہ سمندر میں ہائیڈرو کاربن وسائل کی تلاش کیلئے مدد فراہم کر رہی ہے، پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوان اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان خون کے آخری قطرے تک مادر وطن کا دفاع کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔