اسلام آباد (ویب ڈیسک)
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں رہنماؤں میں میں دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پائیدار سفارتی تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین ناصرف ثقافتی، مذہبی اور جغرافیائی مماثلت ہے بلکہ علاقائی اور بین الاقومی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے وافر مواقع موجود ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک آذربائیجان پارلیمانی دوستی گروپ پارلیمانی رابطوں میں اضافے کے لیے مناسب فورم ثابت ہو سکتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اہم ایشو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ بھارتی آئین سے آرٹیکلز 370 اور 35 الف کی غیر قانونی منسوخی ریاست کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی مذموم سازش ہے۔ ان آرٹیکلز کی منسوخی کے فیصلے کے بعد مظلوم کشمیری عوام پر ایک منظم کریک ڈاؤن کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں جاری محاصرے سے مقبوضہ وادی میں زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔