محسن نواز رانجھا کی تحفظ ختم نبوتۖ کے بارے میں قوانین کو مزید موثر بنانے کی تجاویز کا جائزہ
ایسے تمام حلف ناموں میں عقیدہ ختمِ نبوتۖ کے بارے میں شق ڈالنا ضروری ہے جن کا اطلاق مسلمانوں پر ہوتا ہے محرک
مجلس قائمہ نے ایک زیلی کمیٹی قائم کر دی جو تیس دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مذہبی امور کا اجلاس جمعہ کو متعلقہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولانا اسعد محمود نے کی۔ اجلاس کی کاروائی کے دوران محسن نواز رانجھا کی تحفظ ختم نبوتۖ کے بارے میں قوانین کو مزید موثر بنانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اس حوالے سے ایوان میں قرارداد بھی منظور کی گئی تھی۔ ایسے تمام حلف ناموں میں عقیدہ ختمِ نبوتۖ کے بارے میں شق ڈالنا ضروری ہے جن کا اطلاق مسلمانوں پر ہوتا ہے تاکہ آئین کی روح کے مطابق اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ مجلس قائمہ نے اس سلسلے میں ایک زیلی کمیٹی قائم کر دی جو تیس دن کے اندر مجلس قائمہ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ گونا گوں مسائل کا شکار ہے ۔ وزیرِ اعظم نے پہلے ہی اس کے فرانزک آڈٹ کا حکم دیا تھا جس کے تحت 144 بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ جلد از جلد ڈی اے سی کی میٹنگ کرکے ان بیقاعدگیوں کا جائزہ لیا جائے نیزمتروکہ وقف املاک بورڈ کے بارے میں ایک جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ مجلس قائمہ نے طے کیا کہ متروکہ وقف املاک بورڈکے مسائل پر آئندہ میٹنگ میں دوبارہ غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے 11 ستمبر کی مناسبت سے قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات کو سراہا اور ان کی عظمت و قیادت کو سلام سپاس پیش کیا۔ مجلس قائمہ نے قائداعظم محمد علی جناح کی عظمتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔اجلاس میں ڈاکٹر نور الحق قادری نے قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کرائی۔ مجلس قائمہ برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے لاہور موٹروے پر پیش آنے والے حالیہ سانحہ پر شدید دکھ اور غم وغصہ کا اظہار کیا۔ نیزمتاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ مجلس قائمہ نے اس موقع پر متفقہ طور پر درج ذیل قرارداد پاس کی ہے کہ قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، موٹروے لاہور پر ایک خاتون سے اس کے بچوں کے سامنے، شرمناک سلوک کی پرزور اور شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اور قرار دیتی ہے کہ مجرمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور انہیں قرارِ واقعی سزا دی جائے۔ نیز ہم ممبرانِ مجلس قائمہ ،سی سی پی او ، لاہور کے اس سلسلے میں دیئے گئے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان کی بھی بھرپور اور شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ متعلقہ سی سی پی اواپنے الفاظ واپس لے کر معافی مانگے۔نیز اس کے خلاف تحقیقات کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔