اسلام آباد  (ویب نیوز)

سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ 20 مئی سے حج پروازوں کا آغازہو جائے گا ، آخری حج پرواز 21 جون کو حجاز مقدس روانہ ہو گی۔بدھ کو وزارت مذہبی امور میں وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود کی زیر صدارت ہونے والے حج انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے عازمین کو حجاز مقدس روانہ کرنے کے لئے حج انتظامات پر تیزی سے پیش قدمی جاری ہے ۔ عازمین حج کی بائیو میٹرک 28 اپریل تک مکمل ہو گی۔ عازمین سے ان کے کا ر آمد پاسپورٹ بھی 28 اپریل تک طلب کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام 10 حاجی کیموں کے زیر انتظام مناسک حج اور انتظامی امور کی تربیت کا آغاز جمعرات 27 اپریل سے شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل اور ضلع کی سطح پر منعقدہ حج تربیت میں شرکت تمام عازمین حج پر لازمی ہے۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ توقع ہے کہ 20 مئی سے حج پروازوں کا آغازہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 جون کو روانہ ہو گی۔