سینیٹ میں حکومتی و اپوزیشن ارکان کا وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کے اقلیتوں سے متعلق متنازعہ ریمارکس پر واک آؤٹ

اپوزیشن جماعتوں نے  بنی گالہ میں کتوں کی موجودگی کے تذکرے کے معاملے پر تلخ کلامی کے دوران بھی واک آؤٹ کیا

انسانوں کو حقوق دستیاب نہیں ہیں یہ جانوروں کے حقوق کی بات کر رہے ہیں ، جنگلوں میں سور اور کتوں کی تعداد بڑھ گئی ہے ، محسن عزیز

بنی گالہ میں بھی کتے پائے جاتے ہیں بہرامند کے ریمارکس پر پی ٹی آئی اور حکومتی ارکان الجھ پڑے

میں بنی گالہ کے کتوں کی بات نہیں کر رہا ، اسلام آباد میں کتوں کی مجموعی تعداد کے بارے میں آگاہ کر رہا ہوں ، وزیر مملکت شہادت اعوان

اسلام آباد ( ویب نیوز)

سینٹ میں حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کا دو بار واک آؤٹ ، حکومت اور اپوزیشن ارکان نے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور کے اقلیتوں کے بارے میں متنازع ریمارکس پر واک آؤٹ کیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد کے بنی گالہ کے علاقے میں کتوں کی موجودگی کے معاملے پر واک آؤٹ کیا ۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف شہادت اعوان نے اپوزیشن کو یقین دلایا کہ وہ بنی گالہ کے کتوں کی بات نہیں کر رہے ۔ اجلاس منگل کو چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا ۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے قانون و انصاف شہادت اعوان نے وزارت داخلہ کے سوالات کے  جوابات دیتے ہوئے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن آوارہ کتوں کے حوالے سے نمٹتا ہے اس مقصد کے لیے ڈاک شوٹر بھی مقرر کئے گئے تھے ۔ سینیٹر فوزیہ ارشد کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت قانون و انصاف نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں آوارہ کتوں کو مارنے سے منع کرنے کا حکم جاری کیا لہذا متعلقہ ادارے نے کتوں کو پکڑنے اور انہیں آئی سی ٹی کے دیہی علاقوں میں محصور کرنے کا کام شروع کر دیا ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کتوں کو مارنے کے لیے زہر کے ٹیکے لگانے پر پابندی عائد کر دی اس کے بعد آوارہ کتوں کی آبادی ( تعداد ) کو روکنے کے لیے حل تلاش کرنے کے سلسلے میں مشاورت کی گئی ۔ جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والی مرکزی پناہ گاہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں آوارہ کتوں نر اور مادہ دونوں کی الگ الگ پرورش کی جائے گی تاکہ ان کی آبادی ( تعداد ) کو محدود کیا جا سکے ۔ سینیٹر محسن عزیز نے سوال پوچھنے والی خاتون کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہاں پر انسانوں کو حقوق میسر نہیں ہیں  محترمہ جانوروں کے حقوق کی بات کر رہی ہیں ۔ اسلام آباد کے جنگلات میں سوروں اور کتوں کی تعداد بڑھ گئی ہے ۔ اس موقع پر محسن عزیز اور بہرمند تنگی کے درمیان کتوں کے معاملے پر تلخ کلامی ہو گئی ۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ بنی گالہ میں بھی کتے موجود ہیں اور تعداد بڑھ رہی ہے اس تلخ کلامی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ارکان احتجاجاًٰ واک آؤٹ کر گئے ۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف شہادت اعوان نے کہا کہ میں نے بنی گالہ کے کتوں کی بات نہیں کی ۔ میں نے اسلام آباد کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا ہے ۔ بعض حکومتی ارکان اپوزیشن کو منا کر لے آئے بعد ازاں مسلم لیگ ( ن ) کے اقلیتی سینیٹر کامران مائیکل نے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد  الشکور کے ایک سرکاری سیمینار میں دیگر مذاہب سے متعلق ریمارکس کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اس سیمینار سے جو کہ اقلیتوں کے لیے منعقد ہوا اقلیتوں سے وابستہ مہمان واک آؤٹ کر گئے ۔ وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کا رویہ اقلیتوں کے ساتھ نا مناسب ہے ۔ ریاستی ادارے امید کی کرن ہوتے ہیں مگر جب اس طرح کا امتیازی سلوک کیا جاتا ہے تو عدم انصاف کا پیغام جاتا ہے اور احترام مجروح ہوتا ہے ۔ مفتی عبد الشکور کے رویے کے خلاف میں واک آؤٹ کرتا ہوں اس پر سینیٹر مشاہد حسین سید سینیٹر بہرامند تنگی اور بعض اپوزیشن ارکان نے بھی اقلیتی سینیٹر کا ساتھ دیا ۔