اسلام آباد (ویب ڈیسک)
میجر عزیز بھٹی کا 55 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے میجر عزیز بھٹی شہید کے 55 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی شاندار قیادت اور جرات دفاع وطن کی روشن مثال ہے۔
میجر عزیز بھٹی شہید نے 1965 کی جنگ میں عظیم کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ستمبر 1965ء میں جب دشمن نے ارض وطن پر شب خون مارا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا۔
قوم کا یہ بہادر سپوت دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور کمال مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔
12 ستمبر 1965ء کو جب دشمن پاک فوج پر بھاری گولہ باری کر رہا تھا، میجر عزیز بھٹی نے مورچے سے باہر نکل کر اپنے سپاہیوں کو ہدایات دیں۔
اسی دوران توپ کا ایک گولہ میجر عزیز بھٹی کو لگا اور انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں شہادت کا رتبہ پایا۔
دشمن کو ناکوں چنے چبوانے اور ملکی دفاع کیلئے بے مثال قربانی اور شجاعت کے مظاہرے کے اعتراف میں حکومت نے راجہ عزیز بھٹی شہید کو پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔