پنجاب میں پڑھے لکھے بے روزگاروں کی تعداد میں اضافہ

صوبے میں لیکچرار کی 2 ہزار 451 اسامیوں کے لیے 4لاکھ 75 ہزار 912افراد نے درخواستیں جمع کرائیں، ذرائع پنجاب پبلک سروس کمیشن

لاہور(ویب ڈیسک )آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں پڑھے لکھے بے روزگار افراد کی تعداد ریکارڈ حد تک پہنچ گئی۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذرائع کے مطابق صوبے بھر سے مختلف مضامین میں لیکچرار کی 2 ہزار 451 اسامیوں کے لیے درخواستیں مانگی گئی تھیں۔ان 2ہزار 451اسامیوں کے لیے 4لاکھ 75 ہزار 912افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔جن میں سے خواتین کی ایک ہزار 435اسامیوں کے لیے 3لاکھ 18ہزار 701درخواستیں دی گئیں۔مرد لیکچرار کی 1ہزار 16اسامیوں کے لیے 1لاکھ 57ہزار 211افراد نے درخواستیں دیں۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیکچرار کی اسامیوں کے لیے اب تحریری ٹیسٹ ہوگا۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان 4لاکھ 75ہزار امیدواروں میں سے صرف 12ہزار 255امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔