حکومت کا جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کا قانون لانے کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) حکومت نے جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کا قانون لانے کا فیصلہ کرلیا۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایسے مجرموں کو نامرد بنانے کے لیے قانون کی منظوری دے دی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بل کے ڈرافٹ پر کام شروع کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ بل کے متن کے مطابق جنسی زیادتی کے مجرموں کو بطور سزا نامرد بنایا جائے گا، فیصل واوڈا ڈرافٹ مکمل کرنے کے بعد بل قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کی سزا کے لیے بھی بل لائیں گے، انسانی حقوق کے چیمپئن نہ آئے تو پھانسی کا بل منظور کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی سے پھانسی کا بل منظور نہ ہوا تو نامرد بنانے کا بل منظور کرائیں گے۔ دوسری جانب زیادتی کیس کے مجرموں کو نامرد بنانے کا بل لانے میں سینیٹر فیصل جاوید بھی فیصل واوڈا کے ہم آواز بن گئے۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو آن بورڈ لے لیا اب بل لانے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، حکومت نے بل کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔ گجرپورہ زیادتی کیس، ملزم عابد علی کی گرفتاری جلد متوقع ہے، عثمان بزدار علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ خاتون سے زیادتی کیس میں ملوث ملزم شفقت علی گرفتار ہوچکا ہے، ملزم کا ڈی این اے جائے وقوعہ سے حاصل شواہد سے میچ کرچکا۔ ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لیے بھی ہماری ٹیم کوشاں ہے، ملزم کی گرفتاری انشا اللہ جلد متوقع ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے دعویٰ کیا کہ وقارالحسن نے بھی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ، وقار موٹر سائیکلیں چوری کرکے اسپیر پارٹس بلال گنج مارکیٹ میں فروخت کرتا تھا، مرکزی ملزم عابدکو بھی بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملزم شفقت اورعابد پنجاب میں مختلف گینگزکے ساتھ منسلک ہیں۔ دونوں نے مل کرگیارہ وارداتیں کیں جبکہ ملزم شفقت کاخاندان پہلے بھی جرائم میں ملوث رہا ہے۔