اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عالمی وبا کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیشِ نظر بند اسکولوں کے کھلنے پر اللّٰہ کا شکر ادا کیا اور اربابِ اختیار کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ ’اسکول کا پہلا دن آنے میں مہینے لگ گئے، وبا ہی ایسی خوفناک تھی۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’اللّٰہ کا شکر ہے کہ آج ہمارے بچے درسگاہوں میں واپس پہنچے، تعلیم کے وزراء اور ارباب اختیار کا شکریہ کہ احتیاط اور تمام تدابیر کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام فیصلے کیے گئے۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’ خدا سب کے بچوں کو لمبی عمر اور قسمت دے! آمین۔‘
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ لاکھوں بچوں کو اسکول واپسی پرخوش آمدید کہیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری ترجیح اور ذمے داری ہے کہ ہر بچہ محفوظ طریقے سے اسکول جائے۔
وزیراعظم کاکہنا ہے کہ ہم نے یقینی بنایا ہے کہ اسکول آپریشنز پبلک ہیلتھ سیفٹی اصولوں کے مطابق ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کو COVID19 کے حوالے سے صحتِ عامہ کے قواعد سے ہم آہنگ بنانے کا بطورِ خاص اہتمام کیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے سبب بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔
ملک بھر میں جامعات اور کالجوں کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
تعلیمی اداروں میں داخلے کے مقام پر طلبہ کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں، واک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کیے گئے ہیں، اس موقع پر اسپرے اور سینی ٹائز بھی کیا گیا۔