•  جواب جمع کروانے کے لئے ایک موقع دیا جائے، معاون وکیل کی استدعا
  • بہت مواقع دیئے لیکن جواب جمع نہیں کروایا گیا،چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ

اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت16 مئی تک ملتوی کر د ی۔چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میںممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی، ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ اور ممبر الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا جسٹس (ر)اکرام اللہ خان پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے فواداحمد چوہدری کے خلاف24جنوری2023کو الیکشن کمیشن کے خلاف غیر مناسب اور توہین آمیز زبان کے استعمال کے حوالہ سے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت فواد چوہدری کے معاون وکیل کا کہنا تھا یہ کیس سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ اس پر ممبر الیکشن کمیشن خیبرپختونخوانے جسٹس (ر)اکرام اللہ خان نے معاون وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیاآپ نے اپنا وکالت نامہ جمع کروادیا ہے۔اس پر وکیل کا کہنا تھا کہ میں پراکسی کونسل کے طور پر پیش ہورہا ہوں۔اس پر ممبر الیکشن کمیشن نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کس حیثیت میں بات کررہے ہیں؟ایسے توکوئی بھی منہ اٹھا کرآجائے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس دوسری توہین الیکشن کمیشن کے کیس سے مختلف ہے، 16مئی کو فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کردیں گے آپ انہیں بتادیں۔ معاون وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ انہیں جواب جمع کروانے کے لئے ایک موقع دیا جائے۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بہت مواقع دیئے لیکن جواب جمع نہیں کروایا گیا۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو جواب جمع کروانے کاآخری موقع دیتے ہوئے سماعت 16مئی تک ملتوی کردی۔ جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ فواد چوہدری کو بتادیںکہ 16مئی کو ان پر فرد جرم عائد ہو گی۔