توہین الیکشن کمیشن ،سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

ا لیکشن کمیشن عدالت نہیں اس لئے  توہین عدالت کارروائی نہیں کر سکتا،وکیل فیصل چوہدری

 توہین عدالت صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کارروائی کر سکتے ہیں،بیرسٹرگوہر

عدالت نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی مزید سماعت 19دسمبر تک ملتوی کردی

راولپنڈی( ویب  نیوز)

توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر جیل سماعت کے باوجود فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی، وکیل شعیب شاہین اور فیصل چوہدری نے دلائل دیئے ۔دوران سماعت، فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن فرد جرم پر اعتراض کیا۔ وکلا نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں اس لئے  توہین عدالت کارروائی نہیں کر سکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں یہ کارروائی نہیں کر سکتا، توہین عدالت صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کارروائی کر سکتے ہیں۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فرد جرم 19دسمبر کو عائد کی جائے گی، عدالت نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی مزید سماعت 19دسمبر تک ملتوی کردی ۔