ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز  کے تقرر اور تبادلوں پر پابندی

الیکشن کمیشن پاکستان نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں چیف سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کردیا

اسلام آباد( ویب  نیوز)

الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز  کے تقرر اور تبادلوں پر پابندی عائد کردی۔فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات میں شفافیت کو یقنی بنانے کے لیے  پابندی عائد کی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق اس نے عام انتخابات سے متعلق ریٹرننگ افسران (آر اوز)، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز)کے تقرر کے باعث ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی عائد کی ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات میں ڈی سی اور اے ڈی سیز کو ذمے داریاں سونپی ہے۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن پاکستان نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں چیف سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کردیا۔یاد رہے کہ آئندہ برس عام انتخابات کے لیے تعینات کیے گئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی ٹریننگ آج سے شروع ہو رہی ہے، ٹریننگ کے دوران 859 ریٹرننگ افسران 13 دسمبر سے 15 دسمبر تک اپنے متعلقہ ضلعی سطح پر 3 روزہ انتخابی تربیت حاصل کریں گے۔گزشتہ روز ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چاروں صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں 16 دسمبر 2023 کو ایک روزہ تربیتی سیشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ڈی آر اوز اور آر اوز کی تربیت کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے قانون کے برخلاف ان کی تاخیر سے تعیناتی کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔الیکشنز ایکٹ کے سیکشن 53 کے تحت انتخابی پروگرام کے اجرا سے کم از کم 60 روز قبل ڈی آر اوز اور آر اوز تعینات کرنا الیکشن کمیشن پر لازم ہے۔