اسلام آباد (ویب ڈیسک)
کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے لاہور اور اسلام آباد کے دفاتر پر چھاپے مار کر اہم ریکارڈ قبضے میں کرلیا۔
سی سی پی نے کمپٹیشن مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے ٹھوس معلومات کی بنیاد پرکمپٹیشن ایکٹ (2010ء) کی دفعہ 34 کے تحت اپنے افسران کو پی ایس ایم اے کے دفاتر کی تلاشی اور اہم ریکارڈ کے معائنے کا اختیار دیا ہے۔ چند اہم کمپٹیشن مخالف سرگرمیوں میں شامل تمام شوگر ملوں کا ایک ساتھ کرشنگ کا 2019-20 کے سیزن میں روکنا، اجتماعی طور پر چینی کی قیمتوں میں ایک ساتھ اضافہ کرنا اور یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن (یو ایس سی) کو چینی فراہی سے ایک ساتھ انکار کرنا ہے۔
کمیشن کی مجاز کردہ دو مختلف ٹیموں نے بیک وقت پی ایس ایم اے کے اسلام آباد اور لاہور کے دفاتر میں تلاشی لی اور متعلقہ ریکارڈ کو قبضے میں لیا ہے۔ سی سی پی اپنے مختلف انفورسمنٹ آرڈرز کے ذریعے متعلقہ صنعت کی انجمنوں کو غیر مسابقتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے متنبہ کرتا رہا ہے جس سے کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے۔
سی سی پی کے مطابق ایک طے شدہ اصول یہ ہے کہ صنعتی انجمنوں اور اس کے ممبران، جو دراصل حریف ہیں انہیں جان بوجھ کرحساس تجارتی اور کاروباری معلومات پر تبادلہ خیال کرنے یا انہیں آپس میں شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ صنعتی انجمنوں اور اس کے ممبران کی کاروباری پالیسی میں ہم آہنگی کرنا اور اہم کاروباری معلوما ت آپس میں شیئر کرنا کمپٹیشن ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے، سی سی پی معیشت کے تمام شعبوں میں کمپٹیشن مخالف تمام سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔