اسلام آباد (ویب ڈیسک)
مقبوضہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، مسئلے کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں،وزیر خارجہ کا بیان
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے جارحانہ رویے کی وجہ سے بین الاقوامی فورمز پر اپنی ساکھ کھو رہا ہے۔وزیر خارجہ کی یہ رائے ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایک روز قبل بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے آن لائن اجلاس میں تقریر کے دوران پاکستان کا سیاسی نقشہ دکھائے جانے پر احتجاج کیا تھا تاہم فورم نے ان کے احتجاج کو مسترد کردیا تھا۔ بدھ کوجاری کردہ بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کے سیاسی نقشے پر بھارتی اعتراض کو مسترد کردیا گیا جس کی وجہ سے دہلی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ‘اس اجلاس کے میزبان روس نے بھارت کے نقطہ نظر کو قبول نہیں کیا، بھارت نے پلیٹ فارم پر یہ مسئلہ اٹھا کر تنظیم کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے’۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ‘مقبوضہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور اس مسئلے کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ چین نے بھی لداخ میں ڈی فیکٹو بارڈر پر بات چیت کے ذریعے بار بار بھارت کے ساتھ معاملات حل کرنے کی پیش کش کی تھی مگر بھارت نے جارحانہ انداز اپنایا اور اسے ذلت کا سامنا کرنا پڑا’۔انہوں نے مزید کہا کہ چین نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
#/S