شاہ محمود قریشی، اسد عمر جے آئی ٹی میں پیش ، 9 مئی واقعات سے اظہار لاتعلقی

 دونوں رہنماؤں نے بیانات قلمبند کرا دیئے، 9 مئی کو ہونے والے واقعات قابل مذمت ہیں

 دو بار وزیر خارجہ رہ چکا ہوں ، ہمیشہ پاکستان کے اداروں کا احترام کیا ہے، قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں ، شاہ محمود قریشی

عسکری ٹاور جلانے سے میرا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے ، بے گناہ ہوں، اس مقدمے میں بے گناہ قرار دیا جائے،اسد عمر

لاہور (ویب  نیوز)

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر 9 مئی کے واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔ شاہ محمود قریشی نے جے آئی ٹی میں اپنا بیان قلمند کرواتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا وائس چیئرمین ہوں اور دو بار وزیر خارجہ رہ چکا ہوں ، ہمیشہ پاکستان کے اداروں کا احترام کیا ہے، قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں ، 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر کراچی سے اسلام آباد پہنچا۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے بیان میں مزید کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات قابل مذمت ہیں ، لاہور میں ہونے والے واقعات سے لاعلم ہوں اور لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں، دس مئی کو گلگت بلتستان ہاؤس میں موجود تھا کہ پولیس نے گرفتار کر لیا ، ماضی بے داغ ہے، نو مئی کی کسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں ۔ اسد عمر نے جے آئی ٹی کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کو بذریعہ فلائٹ کراچی سے اسلام آباد پہنچا ، 10مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات کی کئی بار مذمت کر چکا ہوں اور واقعات سے لاتعلقی کا اظہار بھی کر رکھا ہے ، عسکری ٹاور جلانے سے میرا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے ، بے گناہ ہوں، اس مقدمے میں بے گناہ قرار دیا جائے۔ یاد رہے کہ انسداد دہشتگری عدالت نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 21 جولائی تک توسیع کر رکھی ہے۔